مزید خبریں

کے ایم ڈی سی پر ہر ماہ 1 کروڑ90 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمیٰ کی زیر نگرانی چلنے والا کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج شدید مالی بحران کا شکار ہوگیا، جس کے باعث کالج انتظامیہ نے حکام سے درخواست کی ہے کہ مالی بحران کے سدباب کے لیے فوری 16 کروڑ روپے کا آؤٹ پیکیج فراہم کیا جائے۔ خیال رہے کہ کالج کی صرف تنخواہوں کی مد میں مجموعی ماہانہ4کروڑ90 لاکھ روپے ہیں جبکہ منظور شدہ گرانٹ4کروڑ 20 لاکھ کے بجائے کے ایم سی صرف 3کروڑ روپے کی گرانٹ ادا کرتی ہے، جس کی وجہ سے کالج ہر ماہ ایک کروڑ90 لاکھ روپے کا مقروض ہورہا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق کے ایم اینڈ ڈی سی میں فنڈ کی عدم دستیابی کی وجہ سے تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادئیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ہاؤس جاب و پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کرنے والی ڈاکٹرز کو مشاہراہ کی ادائیگی معطل ہوچکی ہے جبکہ ریٹائرڈ پروفیسر ٹیچنگ اسٹاف اور دیگر کو پینشن و بقایاجات کی ادائیگی بھی بند ہوچکی ہے، جس کے باعث متاثرہ ملازمین عدالتوں سے رجوع کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کالج کے3سابق پرنسپل کے بعد موجودہ پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر نرگس انجم نے بھی حکام کو بھیجے گئے خصوصی مراسلے کے ذریعے کالج کے مالی بحران کے حل پر خصوصی توجہ دلائی ہے تاہم موجودہ پرنسپل کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ واب اور صوبائی حکام کو ارسال کیے جانے والے خط میں کے ایم ڈی سی کو فوری ایک وقت 16کروڑ کا بیل آؤٹ پیکیج دینے کی درخواست کی ہے تاکہ کالج کے مالی مسائل کا سدباب ہوسکے۔