مزید خبریں

سمندروں کے خطرات سے نمٹنے کیلیے جدیدحل تلاش کرنا ہوگا‘ امیرالبحر

اسلام آباد (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ سمندروں کیلئے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے نئے اور جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے،آج کے دن ہم سمندروں کو نقصان سے بچانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔بدھ کو سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سمندر ہماری روزمرہ زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ رواں سال عالمی یوم بحر کا موضوع ‘‘حیات نو۔ سمندروں کے لیے مشترکہ کاوش’’ ہے جس کا مقصد لوگوں میں سمندر اور اس میں پائے جانے والے ذخائر سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری وسائل کے محفوظ اور دیرپا استعمال سے متعلق آگہی کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی یوم بحر کے موقع پر پاک بحریہ میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔