مزید خبریں

ایران ، ٹرین حادثے میں 21افراد ہلاک ، 50زخمی

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں مسافر ٹرین کھدائی کرنے والی مشین سے ٹکراگئی،جس کے نتیجے میں 21افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ طبس شہر سے 50کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین مشہد شہر سے یزد جا رہی تھی۔مشین سے ٹکرانے کے بعد 7میں سے 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے کارروائی شروع کردی۔ اس دوران بڑی تعداد میں ایمبولینسوں اور 3ہیلی کاپٹروں کو طلب کرلیا گیا۔ ایرانی حکام نے ٹرین حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یاد رہے کہ ایران میں 2016 ء میں ٹرین حادثے میں درجنوں لوگ ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے قبل 2004 ء میں بھی ایک حادثے کے دوران 320 لوگ ہلاک اور 460 زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین پیٹرول، زرعی کھاداور ادویات لے کر نیشاپور کے قریب سے گزر رہی تھی۔ ایران میں نقل و حرکت کے لیے بڑی حد تک ٹرین پر انحصار کیا جاتا ہے،تاہم اس کے باوجود ریلوے کا نظام معقول نہیں ہے،جس کے باعث حادثات پیش آتے ہیں۔