مزید خبریں

باسکٹ بال سمیت تمام کھیلوں کو فروغ دیا جائیگا ، کمشنر کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ ہم سب ملکر کراچی کو مثبت و صحتمند سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز شہر قائد کی تعمیر و ترقی ،قیام امن کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے مواقع پیدا کرنے میں مدد فراہم کریں۔شہر کراچی دنیا کا پر امن ملک ہے ،کراچی کے نوجوانوں میں ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے ہمارے نوجوانوں نے دنیا میں اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے پاکستان کا پرچم سربلند اور قوم کا سر فخر سے اونچا کیا ہے۔ آج شہر کراچی میں بین الاقوامی ٹیمیں اور کھلاڑی ایک پر امن ماحول میں کھیل رہے ہیں، بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد شہر کراچی کا امن اور یہاں کے لوگوں کا امن سے محبت کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان باسکٹ بال ایونٹ اسلام آباد میں شرکت کرنے والے کراچی کے نوجوانوں پر مشتمل کراچی باسکٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں سے اپنے دفتر میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر گوہر گروپ آف کمپنیز کے چیئر مین حنیف گوہر ،ڈپٹی کمشنر ویسٹ غلام قادر تالپور ،کراچی باسکٹ بال ٹیم کے منیجر غلام عباس جمال ایڈوکیٹ ،کوچ زاہد ملک ،ٹیم کے کپتان محسن ضیا ،انس عثمانی ،رانا عاطف اورعثمان خواجہ بھی موجود تھے۔کمشنر کراچی نے کہا کہ باسکٹ بال سمیت تمام کھیلوں اور کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کیا جائیگا ، نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اگر آج ہم اپنے نوجوانوں کو ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے بہترمواقع فراہم کرینگے تو ہمارے یہ نوجوان مستقبل میں نہ صرف شہر کراچی بلکہ ملک کا نام دنیا میں اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے منوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی دلی خواہش ہے کہ صوبہ خصوصا شہر کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو اور ہماراے نوجوان مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل رہیں۔ کمشنر کراچی نے شہر کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہر میں مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اپنا حصہ ڈالیں میدانوں کو آباد اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کا فریضہ انجام دیں ۔گوہر گروپ آف کمپنیز کے چیئر مین حنیف گوہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر شہر قائد میں میگا باسکٹ بال ایونٹ منعقد کیا جائیگاجس کی تمام تر اسپانسر گوہر گروپ آف کمپنیز کریگا،حنیف گوہر نے شہر کراچی میں اسپورٹس سرگرمیوں کو فعال انداز میں فروغ دینے اور کھلاڑیوں کی بھر پور سرپرستی کے حوالے سے اقدامات پر کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کو خراج تحسین پیش کیا ۔