مزید خبریں

جاز اوریو این ڈی پی ،خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت میں اضافے کے خواہاں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جازاور یو این ڈی پی کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل شمولیت کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے،انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی(ICTs) تک رسائی کے ذریعے خواتین کی ڈیجیٹل مہارتوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ڈیجیٹل صنفی شمولیت میں اضافے کے لیے ’Girls in ICT ‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کرایا گیا۔جی ایس ایم ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان کے ڈیجیٹل شعبہ میں ایک واضح صنفی تفریق پائی جاتی ہے ،جہاں مردوں کے مقابلہ میں تقریباً 38 فیصد خواتین کے پاس اسمارٹ فون رکھنے کا امکان کم ہے اور 49 فیصدخواتین موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال نہیں کرتی ہیں۔ مزید برآں، مختلف طبقات، خاص طور پر دیہی اور پسماندہ علاقوں کی خواتین اور لڑکیوں کے درمیان آئی سی ٹی تک رسائی میں بھی واضح فرق موجودہے ۔تقریب میں’اسکول جانے والی لڑکیوں میں ڈیجیٹل خواندگی کو کیسے بڑھایا جائے؟‘کے عنوان پر ایک پینل مباحثہ بھی شامل تھا،جس کی مہمان خصوصی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ تھیں جبکہ وزارت آئی ٹی کی ایڈیشنل سیکرٹری، عائشہ موریانی، جاز میں ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ سسٹین ایبلٹی فاطمہ اختر ، AGAHI کی بانی اور NUST کی لیکچرار پورویش چودھری پینل میں شامل تھیں۔ اس موقع پر لڑکیوںکی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور آئی سی ٹی تک محفوظ اور بامقصدرسائی کو یقینی بنانے کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔