مزید خبریں

صاف ماحول قوم کی صحت کیلیے ضروری ہے، صوبائی پریس سیکرٹری

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت)جماعت اصلاح المسلمین ضلع کندھکوٹ کشمور کے زیر اہتمام ماحول کے عالمی دن کے موقع پر ماحول اور برداشت پر سیمینار کا انعقاد غفاری مرکز کندھ کوٹ میں ہوا۔ اس موقع پر صوبائی پریس سیکرٹری ڈاکٹر سعید اعوان طاہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا ماحول فرد سے لے کر پوری قوم کی ترقی ،صحت وخوشحالی کے لیے بہت ضروری ہے۔ سڑکوں پر شور مچاتی اور دھواں چھوڑتی ہوئی گاڑیاں، کچرے کے ڈھیر، درختوں کی کٹائی، سبزے و ہریالی کی پامالی، فیکٹریوں کی آلودگی، پلاسٹک بیگ، ایسے حقائق ہیں۔جن کے پیش نظر یہ بلا شبہ کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ماحولیاتی آلودگی بہت زیادہ ہے۔بقول دانشور ان معاشی طور پر پسماندہ، تعلیمی طور پر بے شعور اور سیاسی طور پر عدم استحکام کی ماری قوم کے لیے ماحولیاتی آلودگی نام کا ایک نیا دشمن بھی میدان میں آچکا ہے۔ اس سے ہماری قومی صحت داو پر لگی ہوئی ہے۔ بحیثیت مسلمان ہم آلودگی کو کوئی اہمیت نہیں دیتے جبکہ اللہ تعالی نے ہمیں اپنی ماحولیاتی نعمتوں کا شمار کرنے کا حکم دیا ہے کہ درختوں کی حفاظت کرنا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ہرے بھرے کھیتوں، درختوں، سبزہ زاروں کو ویران نہ کریں۔ لیکن آج ہم دولت کی لالچ میں درختوں اور سبزہ زاروں کو ملیامیٹ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر پاکستانی اپنے نام کا ایک درخت لگائے اور اس کی حفاظت کرے۔ ہمارے قائد و رہبر خواجہ محمد طاہر المعروف سجن سائیں نے اپنے مریدین و عقیدت مندوں کو ہدایت کی ہے کہ جتنے آپ کے بچے ہیں اتنے درخت لگائیں اپنے گھروں سمیت محلے کو خود صاف ستھرا رکھیں۔