مزید خبریں

اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(نمائندہ جسارت)کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس حکام کو اس سے نمٹنے کی مضبوط حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مراد علی شاہ کی ہدایات ان رپورٹس کے پس منظر میں سامنے آئیں جن میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں 34 شہری ہلاک اور 165 زخمی ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے سندھ اور کراچی پولیس کے سربراہان سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایس ایچ اوز کی سربراہی میں مؤثر گشت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے شہر بھر میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور 2 روز میں اس حوالے سے پیش رفت پر رپورٹ طلب کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالات پر قابو پانے کے لیے حال ہی میں کچھ اقدامات کیے گئے، پولیس کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں، امید ہے کہ بہتری نظر آئے گی۔انہوں نے پولیس سے اسٹریٹ کرائم کے خلاف جنگ میں تمام ممکنہ تکنیکی مدد سے فائدہ اٹھانے کو بھی کہا۔