مزید خبریں

اسداللہ بھٹوودیگر کی ایوان تجارت کے صدر سے ملاقات

کراچی(نمائندہ جسارت)مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان (FPCCI)کے صدر عرفان اقبال شیخ سے ملاقات کی، جنہیں وفاقی شریعت عدالت کے سودی نظام ختم کرنے کے فیصلے اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تاجر برادری کی جانب سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا، وفد میں صوبائی امیرسابق ایم این اے محمد حسین محنتی، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنااور اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد جبکہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدرمحمد سلیمان چاولہ دیگر عہدیداران بھی ساتھ موجود تھے۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ سود کو اللہ نے حرام قراردیا ہے، ہمارے دستور میں بھی واضح طور پرلکھا ہوا ہے کہ قرآن وسنت کے خلاف کوئی بھی چیز نہیں ہوگی،قیام پاکستان کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا افتتاح کرتے ہوئے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے واضح اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا معاشی نظام مغربی اصولوں پر نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے حوالے سے تشکیل دیا جائے گا مگر ان کی رحلت کے بعد یہ اعلان فائلوں میں تو محفوظ رہا لیکن عملی طور پر پاکستان کے تمام معاشی فیصلے اور معاہدات مغربی اصولوں کے حوالے سے ہوئے جو کہ اب تک ہورہے ہیں۔وفاقی شریعت عدالت کے واضح فیصلے پر اب حکومت وقت کا فرض ہے کہ وہ عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے بجائے عدالتی فیصلے کے روح والفاظ کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائے، تاجر برادری بھی حکومت پردباؤ ڈال کر اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے اہم رول ادا کرسکتی ہے، اس حوالے سے وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت کو بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے جماعت اسلامی کے وفد کا ایف پی سی سی آئی آمد کا خیر مقدم ،سودی نظام کے خاتمے سے متعلق وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے تاجر برادری کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی اور مہمانوں کو ادارے کی شیلڈ پیش کی۔