مزید خبریں

کراچی: اورنگی میں ڈاکوؤں کی شامت، مزید 3 ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی شامت آگئی۔ تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود میں مزید 3 ڈکیت مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ شاہ ولی اللہ نگر میں بدھ اورجمعرات کی شب پونے گیارہ بجے شہریوں سے لوٹ مار کی واردت کرکے فرارہونے لگے تو پولیس نے ان ملزمان کے تعاقب شروع کردیا۔ ملزمان نے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ موبائل شاپ پر کھڑے باپ اور بیٹا بھی ڈکیتوں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ زندہ بچ جانے والے تیسرے ڈکیت کو مشعل شہریوں نے پولیس سے چھین کر مار ڈالا۔ چوتھا ڈاکو جان بچاکر کربھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔مارے جانے والے ڈاکوؤں کی عمر 20سے 25سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔ عوام نے تھانہ اقبال مارکیٹ پولیس کی بہادری پر ان کے حق میں اور سندھ پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے ۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی اس ہی علاقے میں مشتعل عوام نے 2ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ ایک شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل ہواتھا۔