مزید خبریں

جماعت اسلامی کے نامزد چیئرمین عبدالمجید خاصخیلی کی گرفتاری ورہائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی منگھوپیر کے رہنما نامزد امیدوار برائے چیئرمین یوسی2منگھوپیر عبدالمجید خاصخیلی کومنگھوپیر پولیس نے گرفتار کرلیا، گرفتاری کی اطلاع ملتے ہیں علاقہ مکینوں نے منگھوپیر مارکیٹ اور روڈ کوبند کر کے منگھوپیر پولیس کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمداسحاق خان اور امیر جماعت ا سلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں بلدیاتی الیکشن سے قبل جماعت اسلامی کے رہنما کی گرفتاری سازش ہے۔مخالفین نے میدان میں مقابلہ کرنے کے بجائے لینڈ مافیااور انتظامیہ سے ساز باز کرکے بلاجواز گرفتار کرایا جس کی ہم پرزورمذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں اور حالات کو پر امن رکھنا چاہتے ہیں اگر اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے تو ہم امن کی ضمانت نہیں دے سکتے۔قائدین جماعت اسلامی نے ایس ایس پی منگھوپیر سے طویل مذاکرات کے بعد انہیں تھانہ منگھوپیر سے بازیاب کرایا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے یقین دہانی کرائی کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔