مزید خبریں

چودھری برادران میں اختلافات ‘ راہیں الگ ہوگئیں

لاہور(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) ملکی سیاست پر ایک عرصہ راج کرنے والے اور جوڑ توڑ کے ماہر چودھری برادران میں اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الٰہی اور چودھری شجاعت حسین کے درمیان راہیں جدا ہوگئیں، چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ وعدوں کو وفا کرنے کے حامی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ چودھری پرویز الٰہی نے عین وقت پر سابق وزیراعظم عمران خان کو چھوڑنے سے انکار کیا، چودھری برادران میں اختلافات کی ابتدا تحریک عدم اعتماد کے موقع پر ہوئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ چودھری شجاعت حسین اور انکے صاحبزدے وزیر مملکت چودھری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ ن لیگ کے ساتھ کھڑے رہیں گے، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، چودھری مونس الٰہی، حسین الٰہی تحریک انصاف کے ساتھ جائیں گے۔دریں اثنامسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے بیٹے حسین الٰہی نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیاہے ۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ میںنے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ میرا سیاسی سفر ختم ہونا چاہیے، ایسی پارٹی میں نہیں رہ سکتے جوشہباز شریف کی قیادت میں امپورٹڈ حکومت کی حمایت کرتی ہو۔حسین الٰہی نے کہا کہ مونس الٰہی سے مل کر مستقبل کا سیاسی فیصلہ کریں گے۔