کراچی (پ ر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ڈاکٹر امجد ثاقب کی کتاب ’’چار آدمی‘‘ کی تقریب رونمائی حسینہ معین ہال میں کی گئی، تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، محمود شام، مظہر عباس، سید ایاز محمود، شاہین عزیز ، نذیر تنیو اور ڈاکٹر امجد ثاقب نے اظہارِ خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض شکیل خان نے انجام دیے، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کتاب کی صورت میں بہت بڑا کام کیا ہے،ہم نے ہمیشہ آرٹس کونسل کو ایک کنبہ کی شکل دی ہے، میں تمام شاعروں، ادیب، فنکاروں، اراکین گورننگ باڈی اور پورے سماج کی طرف سے آپ کا شکرگزار ہوں کہ آپ نے اپنی زندگی جس راستے پر گزاری وہ دوسروں کے لیے عملی نمونہ ہے، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی نے انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے مستحق فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے دائرہ وسیع کردیا ہے تاکہ تعلیم، بچیوں کی شادی، فنکاروں کے علاج ومعالجہ اور دیگر مسائل پر قابو پاسکیں، محمود شام نے کہاکہ آج ہمارے بیچ ایک ایسا شخص موجود ہے جوہر زمانے کو اپنا کر دیتا ہے، امجد ثاقب نے جس اخوت کی بنیاد رکھی اس سے ماں کی دعائیں، بزرگوں کی شفقت ملی۔