مزید خبریں

تمام اہداف پورے‘ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالے جانیکا امکان

اسلام آباد (صباح نیوز) ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالے جانے کا قوی امکان ہے۔ جرمن ٹی وی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تقریباً تمام اہداف پورے کر دیے ہیں ۔ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس جرمن دارالحکومت برلن میں 13 جون سے 17 جون تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے آخری روز 17جون کو مختلف ممالک کے گرے لسٹ یا بلیک لسٹ میں رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے یورپی ممالک کے ساتھ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے سفارت کاری میں سنجیدگی دکھائی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے گزشتہ ماہ یورپ کے اہم ترین ممالک کا دورہ کیا اور یورپ کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کے اسٹیٹس کے حوالے سے پاکستانی موقف کی حمایت کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس کے علاوہ وزیر خارجہ بلاول زرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی ’’بیک ڈور ڈپلومیسی‘‘ کے ذریعے یورپ کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطے کیے ہیں۔