مزید خبریں

عمران خان الیکشن سے متعلق بیٹھ کر بات کریں‘رانا ثنا اللہ کی پیشکش

اسلام آباد (صباح نیوز+اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو انتخابات پر بات چیت کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان بیٹھ کر بات کریں، انتخابات اکتوبر میں کرانے ہیں یا آگے، یہ چیزیں حل ہوسکتی ہیں ۔ ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کوئی بھی لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف دو صورتوں میں بڑھ سکتا ہے، حکومت اجازت دے یا سپریم کورٹ، اس کے سوا کوئی مارچ نہیں آسکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بھلے لانگ مارچ کی تیاری کریں اور تاریخ کا اعلان کریں، وہ سمجھتے ہیں وہ جو چاہتے ہیں اس کو پوری قوم کو ماننا پڑے گا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا نام فی الحال ای سی ایل پر نہیں، سابق وزیراعظم نے جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کے شواہد موجود ہیں، انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔ علاوہ ازیںوزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے، سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا، وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے، سعودی عرب کے ساتھ سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعیدالمالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔