مزید خبریں

پیغمبر اسلام سے متعلق متنازع بیانات کے رد عمل میں بھارت میں حملے کریں گے،القاعدہ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے پیغمبر اسلامؐ سے متعلق متنازع بیانات پر القاعدہ نے بھارت کے مختلف شہروں میں خود کش حملوں کی دھمکی دیدی۔ بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ کی برِصغیر شاخ نے دھمکی دی ہے کہ وہ پیغمبر اسلام کی حرمت کی لڑائی لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق القاعد نے گجرات، اُتر پردیش، ممبئی اور نئی دہلی میں خود کش حملوں کی دھمکی دی ہے۔ یہ بیان بی جے پی کے 2 ارکان کے پیغمبر اسلام سے متعلق متنازعہ ریمارکس کے بعد آیا۔ نوپور شرما نے ایک نیوز چینل کے پروگرام میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ نوپور شرما کے علاوہ بی جے پی کے ایک اور ترجمان نوین کمار جندل نے بھی پیغمبر اسلام کے بارے میں قابل اعتراض ٹوئٹ کیا تھا۔ القاعدہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں نہ تو اپنے گھروں میں پناہ ملے گی اور نہ ہی قلعہ بند فوجی چھاؤنیوں میں اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم پیارے نبی ؐ کی شان میں گستاخی کا بدلہ نہیں لے لیا جاتا۔ دھمکی آمیز بیان میں القاعدہ کا کہنا ہے کہ بھارت اس وقت ہندوتوا نظریے کے حصار میں ہے، اس لیے ہم اپنے نبیؐ کی حرمت کے لیے لڑیں گے اور دوسروں کو بھی یہ ترغیب دیں گے کہ وہ بھی پیغمبر اسلام ؐکی حرمت کے تحفظ کے لیے کٹ مریں۔ بھارتی اخبار حکام کے مطابق القاعدہ اس خطے میں وہ واحد منظم جہادی گروپ ہے جس کے لشکرِ طیبہ جیسی تنظیموں کے ساتھ بہترین روابط ہیں، القاعدہ کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کو سنجیدہ لینا ہوگا، کیونکہ عالمی سطح پر سرگرم القاعدہ اور دولتِ اسلامیہ (داعش) جیسی تنظیموں کا بھارت کی طرف متوجہ ہونا خطرناک ہے۔