مزید خبریں

پاکستان کو اسلامی ریاست صرف جماعت اسلامی ہی بنا سکتی ہے‘امیرالعظیم

 ٹورنٹو (رپورٹ‘خالد مخدومی) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی بنا سکتی ہے، جس کے پاس نظریاتی سیاست، ایماندار قیادت اور اعلیٰ تعلیم و تربیت یافتہ ٹیم موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے سابقین کی تنظیم احباب جمعیت کینیڈا کے سالانہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور عمران خان وغیرہ ایک عارضی تبدیلی بن کر آئے اور ان کے ادوار میں بھی ملک سماجی، معاشی اور سیاسی ابتری کا شکار رہا۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جو ماضی میں بھی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی اور آج بھی سیلاب ،کورونا ، خشک سالی اور غربت کے شکار عوام حکومتوں کے بجائے جماعت اسلامی کی طرف ہی دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کی بہتری کی خاطر مختلف جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کی لیکن اب ہم کسی اور کی مدد کرنے کے بجائے صرف اپنے اسلامی فلاحی منشور اور ترازو کے نشان کو لے کر آگے بڑھیں گے۔امیرالعظیم کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں جماعت اسلامی ہی سب سے بہتر متبادل قیادت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ تقریب سے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ شکیل احمد اور اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا، کینیڈا کے صدر اعجاز طاہر نے بھی خطاب کیا۔