مزید خبریں

قطر امیری فضائیہ کے کمانڈر کی ائر اور نیول چیفس سے ملاقاتیں

اسلام آباد ( آن لائن )قطر امیری فضائیہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات۔ قطر امیری فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل(پائلٹ) جاسم محمد احمد المنائی نے سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق معزز مہمان کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
ملاقات کے دوران دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔قطر امیری فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل(پائلٹ) جاسم محمد احمد المنائی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کی خود انحصاری کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی تعریف کی۔ ائر چیف نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ ائر چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔علاوہ ازیں کمانڈر قطر امیری ایرفورس میجر جنرل (پائلٹ) جاسم محمد احمد المنائی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ کمانڈر قطر امیری ائرفورس نے سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔