مزید خبریں

ن لیگ اور پی پی پنجاب میں ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر متفق

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے منگل کی دوپہر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔ حمزہ شہباز شریف پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی دعوت پر بلاول ہائوس لاہور پہنچے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ورکنگ ریلیشین کو مضبوط بنایا جائے گا جبکہ صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیںگے۔ ملاقات میں صوبائی وزرا عطا تارڑ، ملک محمد احمد علی، خواجہ سلمان رفیق، عمران گورایہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شرجیل میمن، ڈاکٹر عاصم حسین، سید علی حیدر گیلانی، سید حسن مرتضیٰ موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ دونوں پارٹیوں نے عمران خان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے‘ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، ساتھ لیکر چلیں گے‘ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا‘ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا اتحاد عوام کی خدمت کے لیے ہے‘ سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں اور اجتماعی فیصلوں کا قائل ہو ں۔