مزید خبریں

امریکی بیس بال کوچ ریندل آرمز کا اکیڈمیوں کا دورہ

کوٹری(جسارت نیوز) پاکستان فیڈریشن بیس بال (PFB) کی دعوت پر کوچنگ کیلیے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی بیس بال کوچ رینڈل آرمز کے مختلف اکیڈمیز کے دورے جاری ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے پی ایف بی ، کے صدر سید فخر علی شاہ کے ہمراہ صوابی میں قائم یوسفزئی بیس بال اکیڈمی کا دورہ کیا۔ نائب صدر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی، خزانچی طاہر محمود خزانچی، ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم مصدق حنیف اور وومین ٹیم کے کوچ طارق ندیم بھی انکے ساتھ تھے۔ انکی آمد پر یوسفزئی بیس بال اکیڈمی کے چیئرمین وصال محمد خان، کوچز خالد خان و آصف مشتاق، ارشد خان،حارث وسیم، شیراز ایان اور دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ میڈیا منیجر پرویز احمد شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے سید فخر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان بیس بال ٹیم ورلڈ بیس بال کلاسک کوالیفائر میں شرکت کرے گی جو اس سال ستمبر میں پاناما میں شیڈول ہے۔ اس ایونٹ میں دنیا کی بہترین ٹیموں نے شرکت کرنی ہے۔ بہترین ٹیم کی تیاری کے لیے فیڈریشن نے گوجرانوالہ کے اجوا سٹی میں پاکستانی پچرز اور کیچرز کا تربیتی کیمپ لگایا ہوا  ہے۔ کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے فیڈریشن نے امریکی بیس بال کوچ رینڈل آرمز کی خدمات حاصل کی ہیں جو کہ پچرز کو بہترین تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ امریکی کوچ رینڈل آرمز نے کہا کہ کھلاڑیوں میں قدرتی صلاحیتیں موجود ہیں اور بہترین تربیت سے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے جس سے یہ کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لئے روشن امید ہوں گے۔