مزید خبریں

دمشق ، ایران نواز ملیشیا کے ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے شامی دارالحکومت پر میزائل برسادیے،جس میں ایران نواز ملیشیا اور حزب اللہ کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسدی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دمشق کے فضائی دفاعی نظام نے زیادہ تر میزائل فضا ہی میں تباہ کردیے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق کارروائی میں صرف بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کارروائی کے دوران میں جولان کی پہاڑیوں اور دارالحکومت کے جنوبی حصوں کونشانہ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسرائیلی میزائلوں کے حملوں میں دارالحکومت دمشق کے قریب 3 اسدی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس کارروائی میں مبینہ طور پر اسلحہ کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق اسدی فوج کی فضائی دفاعی بیٹریاں دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع کسوا کے علاقے میں واقع ہیں۔ اسدی فوج کی جانب سے حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے،تاہم چندمیزائل ان مقامات پر اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ اسرائیل ان حملوں کی ذمہ داری قبول کیے بغیر شام کے اندر ایران اور لبنانی حزب اللہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہا ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل شام میں بمباری کرنے کے بعد کوئی بیان جاری نہیں کرتا۔یہی وجہ ہے کہ صہیونی حکومت نے چند برس کے دوران شام میں سیکڑوں حملے کیے اور کسی کی بھی ذمے داری قبول نہیں کی۔