مزید خبریں

جیکب آباد، بلدیاتی الیکشن نہیں سلیکشن ہو رہا ہے، پی ٹی آئی

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں بلدیاتی الیکشن دراصل سلیکشن ہے ،پی ٹی آئی امیدواروں کو حکمران جماعت کے امیدواروں کی جانب سے ڈرایا ،دھمکایا اور ہراساں اور اغوا کرکے الیکشن سے دستبردار کرانے کا انکشاف ،ڈی آر او پر جانبداری کا الزام، الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میںبلدیاتی الیکشن دراصل سلیکشن ہے، آر او ، ڈی آر او جو ڈپٹی کمشنر ہیں اور پولیس حکمران جماعت پ پ کی مشنری کے طور پر کام کر رہے ہیں ، پی ٹی آئی امیدواروں کو حکمران جماعت کے امیدواروں کی جانب سے اغوا کرکے زبردستی الیکشن سے دستبردار کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مولا بخش سومرو نے پی ٹی آئی یوسی لوگی کے وائس چیئر مین کے امیدوار شیر خان گولوکے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں نے دھاندلی کی شروعات کی ہے ڈی آر او ان سے ملا ہوا ہے یو سی لوگی اور یوسی علی پور کے پی ٹی آئی کے امیدوار وں کو اغوا کرکے زبردستی الیکشن سے دستبردار ہونے کا لکھوا یا گیا ہے اور ان کے فارم مسترد کروائے گئے ہیں ،ڈی سی جیکب آباد ڈی آر او ہے لیکن اس کے باوجود حکمران جماعت کے امیدو اروں سے ملا ہوا ہے ڈی سی جانبدار ہے اور اس کا دماغ خراب ہے وہ پی ٹی آئی امیدواروں کو تجاوزات کی آڑ میںگھر اور دکان مسمار کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے حکمران جماعت ضلعی چیئر مین پر من پسند امیدوار کو کامیاب کرانے کے لیے ایسے حربے استعمال کررہی ہے، یوسی لوگی پر پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شیر خان گولو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین کے امیدوار داد محمد عرف نانا کھوسو نے اپنے بھائی اور دو نامعلوم افراد کے ساتھ مجھے اغوا کرکے ہفتے تک غائب رکھا جس کے بعد مجھ سے زبردستی الیکشن سے دستبرداری کا لکھوایا اور آراو نے ہمارے پینل کے فارم مسترد کیے ایسی شکایت کے باوجود کوئی ازالہ نہیں کیا گیا۔ میڈیا کے سامنے آواز بلند کرنے کے لیے پہنچا ہوں۔شیر خان گولو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں سے جان کا خطرہ ہے الیکشن کمیشن اس معاملے کا نوٹس لے اور ہمارے پینل کے فارم بحال کرے کسی بھی صورت میں محالفین کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر ارسلان میمن ،بادل کھوسو اور دیگر موجود تھے۔