مزید خبریں

بجلی لوڈشیڈنگ پر وزیر اعظم کا نوٹس بیکار ثابت ہوا، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے لیا جانے والاوزیر اعظم کا نوٹس بیکار ثابت ہوا ہے۔ پانچ گھنٹے اے سی کے کمرے میں بیٹھ کر طویل اجلاس کیا گیا، جس کے بعد عوام کو نوید سنائی گئی کہ ملک میں صرف تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی، مگر حقائق اس کے برعکس ہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ میں عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ شدید گرمی میں 16گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر 7793میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔متعدد علاقوں میں پانی بھی نایاب ہو کر رہ گیا ہے۔ ایک طرف بجلی آتی نہیں اور دوسری طرف بجلی کے بلوں میں ہوش ربا اضافہ سے عوام کی حالت غیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت بھی تحریک انصاف کی حکومت کا تسلسل ہی معلوم ہوتی ہے۔ ملک کے اندر پانی کا مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا چلا جارہا ہے۔ آبی ذخائر میں 97فیصدتک کمی ہوچکی ہے۔ تربیلا ڈیم گزشتہ ڈیرہ ماہ سے خالی جبکہ منگلا میں بھی پانی کا ذخیرہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ملک کے اندر پانی کی کمی کا22سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔ جبکہ حکمرانوں کی توجہ اس طرف ہے ہی نہیں۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں صرف مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی متبادل ایجنڈا نہیں تھا تو حکومت میں کیوں آئی؟۔ ایک دوسرے کو موجودہ حالات پر مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے حقیقی معنوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے فوری طور پر پارلیمنٹ میں لائے جائیں تاکہ عوام کو بھی حقائق معلوم ہوں۔