مزید خبریں

اتحادی حکومت بجٹ میں عوا م کو ریلیف فراہم کرے،ذکراللہ مجاہد

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت بجٹ میں عوا م کو ریلیف فراہم کرے اور آئندہ بجٹ میں آٹا، چینی، گھی، چاول، دالوں سمیت روزمرہ استعمال کی 400سے زائداشیاء کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کو واپس لے۔ ملک میں خود حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیاں،مراعات یافتہ طبقے کی من مانیاں اور ریاستی اداروں میں عوام کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کے حوالہ سے کارکردگی صفر ہے۔ چند روز قبل وزیر اعظم پاکستان عوام کو آٹے سمیت دیگر اشیا پر ریلیف فراہم کرنے کیلیے اپنے کپڑے بیچنے کے دعوے کررہے تھے مگربدقسمتی سے آئی ایم ایف کی غلامی میں عوام پر بجلی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب اور عام آدمی سے جینے کا حق بھی چھین رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات میں سیاسی و سماجی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی بدحالی کی اصل وجہ ریاستی سطح پر سود ی لین دین،بد انتظامی،اقربا پروری اور کرپشن ہے۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی کیلئے شدید مشکلات کا شکار ہے مگر حکمران طبقہ عوام کے حقوق کی پاسداری اور تحفظ کے بجائے اپنی کرپشن چھپانے اور اقتدار بچانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں پورے ملک میں زکوٰۃ، عشر اور صدقات کے نظام از سر نو مرتب کرکے نافذ کیا جائے اور سرکاری اداروں کے مختص بجٹ میں 50 فیصد کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔