فیصل آباد (اے پی پی)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سہیل اشرف نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی بالخصوص ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ڈی سی آفس میں فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹریزکے تعاون سے فیسی لیٹیشن سیل قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جو صوبائی محکموں سے متعلق چیمبر کے ممبران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے گا۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے نجی شعبے کو ملکی ترقی کے لیے انجن آف گروتھ قرار دیا اور کہا کہ فیصل آباد ملک کا مثالی شہر ہے جس کی خدمت کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نکاسی آب اور شہر کی صفائی ان کے لیے چیلنج ہے اور وہ ان مسئلوں کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ تحصیل جڑانوالہ کے اپنے دورے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہاں سٹیڈیم میں کوڑا جمع کیا جا رہا ہے، انہوں نے دیگر مسئلوں کی بھی نشاندہی کی اور کہا کہ ان کو ہم مل جل کر ہی حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر آپ کا ہے اور آپ نے ہی اسے آگے لے کر چلنا ہے۔