مزید خبریں

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال کم کرنے کی مہم کا آغاز کرے، صدر کاٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے ڈالر کی قدر ایک بار پھر 200 روپے سے تجاوز کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دعووں کے باوجود ڈالر کی قیمتوں میں استحکام نہیں آرہا۔ سلمان اسلم نے کہا کہ حکومت ڈالر کی قدر کو مستحکم کرنے میں ناکام ہوتی جا رہی ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافہ کی وجہ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے خرچ ہونے والا خطیر زرمبادلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو امپورٹ بل کی 100 فیصد ادائیگی کے باعث ڈالر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کو کم کرنے کی مہم کا آغاز کرے اور سرکاری وزراء اور دیگر حکام کو مراعات میں دی گئی پیٹرول کی سہولت 40 فیصد سے بڑھا کر مکمل طور پر ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ضرورت کے مطابق پیٹرول استعمال کرنے کی پالیسی اپنانی چاہیے۔ سلمان اسلم نے کہا کہ حکومت 33 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے امپورٹ بل کو نصف تک کم کرے تاکہ ڈالر کی قدر پر دباؤ اور تجارتی توازن میں بہتری آئے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ چین سے الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کے لیے اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں پیٹرول کی کھپت میں خاطر خواہ کمی کرکے اس پر انحصار ختم کیا جاسکے اور زر مبادلہ کے زخائر کو محفوظ کیا جاسکے۔