مزید خبریں

پاکستان اسٹاک کے سرمائے میں 7ارب روپے سے زائد کا اضافہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو ملا جلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس میں کمی واقع ہوئی تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں7ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،کاروباری اتار چڑھائو کے باعث 54.71فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبا ر کا آغاز مثبت ہوا ،مقامی انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہائوسز کی فوڈز ،ریفائنری ،گیس اور ٹیلی کام کے شعبوں میں خریداری کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41800پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا تاہم تکنیکی کریکشن کے باعث انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور انڈیکس 41500پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمنگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 8.80پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 41577.21 پوائنٹس سے کم ہو کر41568.41پوائنٹس پر آگیا اسی طرح 18.91پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 18868.31پوائنٹس سے گھٹ کر15849.40پوائنٹس پر بند ہوا تاہم کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28539.97پوائنٹس سے بڑھ کر28572.64پوائنٹس پر جا پہنچا ۔کاروباری اتار چڑھائو کے باوجود مارکیٹ کے سرمائے میں 7ارب95کروڑ17لاکھ15ہزار633روپے کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب 48ارب 23کروڑ 5لاکھ94ہزار8روپے سے بڑھ کر 69کھرب 56 ارب18کروڑ23لاکھ9ہزار641روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو4ارب روپے مالیت کے 15کروڑ74لاکھ36ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 4ارب روپے مالیت کے 18کروڑ92لاکھ45ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔