مزید خبریں

ترقی میں کاروباری برادری کا کردار اہم ہے، محمد بلیغ الرحمن

لاہور (اے پی پی) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے اعلی سطحی وفد نے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی کی قیادت میں منگل کے روزگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔ وفد نے صنعت و تجارت کو در پیش مسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں کہ زراعت کی ترقی اورگرین انرجی کے فروغ کے لیے سیلز ٹیکس کے خاتمے کے فیصلے پر فوری طور پر عملدآمد کروایا جائے۔اسپیشل انڈسٹری پالیسی متعارف کروائی جائے تاکہ درآمدات کو کم اور برآمدات کو بڑھایاجا سکے۔ سیڈ ورائٹی کی اپرول کو فاسٹ ٹریک پر کیا جائے۔کپاس کی فصل پر خصوصی توجہ دی جائے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے فیڈریشن چیمبر کے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ملکی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔کاروبار چلتا ہے تو پورا ملک چلتا ہے۔ کاروبار کو سازگار ماحول فراہم کرناحکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ سولر پر سیلز ٹیکس کے خاتمے کے حکومتی فیصلے پر عملدآمد کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے بات ہو گئی ہے۔جلد عملدآمد ہو جائے گا۔سیڈ پر بھی سیلز ٹیکس ختم کروانے کے لئے کوشش کروں گا۔کاروبار کرنے کی لاگت میں بے انتہا اضافہ ہو گیا ہے۔کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کرئے گی۔پاکستانی صنعت کو ہنر مندوں کی تلاش ہے،انڈسٹر ی اکیڈمک روابط کو مضبوط بنانے اورٹیکنیکل تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔