مزید خبریں

شوہر کے تشدد کیخلاف خاتون انصاف کیلیے پریس کلب پہنچ گئی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مصطفی کالونی شہداد پور کی رہائشی خاتون تہمینہ نے اپنے شوہر محمد شفیع کی جانب سے وحشیانہ تشدد کر کے بہو نسرین کا پانچ ماہ کا حمل ضائع کرنے کیخلاف اپنے بیٹے اور بہو سمیت ضائع شدہ بچے کی لاش کے ہمراہ حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر مسمات تہمینہ نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میرے شوہر محمد شفیع نے اپنے سوتیلے بیٹوں سجاد، نوید، منیر اور بھائی لطیف سمیت گھر کی ملکیت کے معاملے پر گھر میں داخل ہو کر ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران میری بہو نسرین زوجہ ابوبکر کا پانچ ماہ کا حمل ضائع ہو گیا۔انہوں نے ڈی آئی جی نوابشاہ اور ایس ایس پی سانگھڑ سمیت ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ مجھ پر تشدد کرنے اور میری بہو کا حمل ضائع کرنے میں ملوث ملزمان کے خلاف کیس درج کرکے ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔