مزید خبریں

حکومت سرکاری ملازمین کی مہنگائی کے حساب سے تنخواہوں میں اضافہ کرے

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) حکومت بجٹ میں اساتذہ اور سرکاری ملازمین کو دیے گئے ایڈہاک ریلیف کو تنخواہ میں ضم کرکے مہنگائی کے تناسب سے اساتذہ اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔ یہ مطالبہ تنظیم اساتذہ ضلع سانگھڑ کے صدر سید عریف اللہ سیفی، نائب صدر عبدالغفور انصاری، سیکرٹری جہانگیر اقبال، مشرف کریم، عبدالستار انصاری ، پروفیسر احمد بلال غوری، فرید احمد انصاری،مظفرعلی بہلم، غلام مصطفی ملوکھانی اور ریاض احمد چوہان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ روزبروز بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ہوشربا مہنگائی نے سرکاری ملازمین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے مہنگائی کے طوفان نے زندگی دشوار کردی ہے اور بچوں کے تعلیمی و گھر یلو اخراجات پورے کرنامشکل ہوتا جارہا ہے ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے بچوں کے تعلیمی اور گھر یلو اخراجات پورے نہ ہونے کے باعث ملازمین شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں لہذا ضروری ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے نیز یہ کہ تمام ایڈہاک ریلیف کوتنخواہ میں ضم کیا جائے۔ حکومت اساتذہ اور سرکاری ملازمین اوران کے اہل خانہ پر رحم کرے اور ان کو ان کا جائز اور جینے کا حق دے دوسری صورت میں اساتذہ اور ملازمین احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔