اسلام آباد ( صباح نیوز ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے خلاف دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے یونین کونسل کی تعداد بڑھائے بغیر بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرنے کے خلاف درخواست واپس لے لی ۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کو یونین کونسل کی تعداد کے تعین کا اختیار نہیں دیا۔ وفاقی حکومت جب ایک مرتبہ تعین کر لے تو الیکشن کمیشن اس کے بعد حلقہ بندیاں کرے گا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی، جس میں الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اعلان سے متعلق نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔درخواست گزار موقف اختیار کیا کہ جنوری میں100یونین کونسل بنا کر انہیں نوٹیفائی کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے یونین کونسل کی تعداد میں اضافہ کیے بغیر 50یونین کونسل میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ الیکشن کمیشن کو بلا کر پوچھ لیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ جس نوٹی فکیشن کا حوالہ دے رہے ہیں وہ آفیشل گزٹ میں شائع نہیں ہوا۔درخواست گزار حکومت میں ہے، یہ ایک نوٹی فکیشن جاری نہیں کرا سکتے۔