مزید خبریں

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی افواہیں ،پمپوں پر عوام کا رش،ٹریفک جام

کراچی /اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+صباح نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کی افواہوں کے بعد شہر بھر کے پیٹرول پمپوں پر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں جس کے سبب پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش بڑھ گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاروں کے باعثشہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی خبروں پر مختلف پیٹرول پمپس نے عوام کو پیٹرول کی فراہمی بند کردی ۔دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے افواہ قرار دیا ہے۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی،اس طرح کی خبریں چلانے والے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے، نہ ہی کوئی سمری اور پلان زیر غور ہے۔ مریم اورنگزیب نے بھی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں قطعی جھوٹ ہیں،حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا،عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں پرکان نہ دھریں۔ مریم اورنگزیب نے افواہیں پھیلانے سے اجتناب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، اس طرح کی افواہیں پھیلانے سے بچا جائے۔