مزید خبریں

3 بار مذاکرات میں جو معاملات طے ہوئے عمران خان نہیں مانے، شیخ رشید

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے تحریک انصاف اور مقتدر حلقوں میں بیک ڈوررابطوں کی تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ رابطے نہیں ، نا صرف رابطے ہیں بلکہ تین بار مذاکرات بھی ہوئے لیکن اس دوران جو معاملات طے ہوئے عمران خان نہیں مانے ، عمران خان کا صرف ایک ہی مطالبہ تھا کہ نئے انتخابات کرائے جائیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ گرینڈ الائنس تو 13 پارٹیوں کا موجود ہے، اپنی نالائقی ان کے گلے پڑگئی ہے ، ہم پر جو ملبہ گرا تھا وہ سارا ملبہ اب ان پر گرنے جارہا ہے ، یہ لوگ توشوق شوق میں بس اقتدارچاہتے تھے ، کیا ان کوپتہ نہیں تھا قیمتیں بڑھانا پڑیں گی؟ معیشت تباہ ہورہی ہے اور ملک دیوالیہ ہونے کی طرف جارہا ہے ، اللہ پرایمان ہے بتا رہا ہوں، جون کے مہینے میں نتیجہ آجائے گا، یہ حکومت جون کے بعد نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا ایجنڈا تھا کہ اداروں اور لوگوں کے درمیان لڑائی ہو ، نوازشریف کا شروع سے یہ ہی ایجنڈا تھا کہ لوگ فوج کے خلاف ہوں ، راناثنا اللہ پر تو اس کے اپنے پارٹی ممبر نے 22 قتل کا الزام لگایا ، راناثنااللہ کی پریس کانفرنس کے کلپ عسکری قیادت کو بھیجے اور تھانہ کوہسارمیں بھی رانا ثناء اللہ کے خلاف درخواست دی ہے کیوں کہ رانا ثناء اللہ آج پاکستان کی ایک بڑی جماعت کی قیادت کودھمکیاں دے رہا ہے ، یہ کس قسم کا وزیرداخلہ ہے جو پریس کانفرنس میں ایسی باتیں کرتا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ حکومت عمران خان کو گرفتارکرنا چاہتی ہے ، عمران خان کو گرفتار کر کے دیکھیں پھر پتہ چلے گا حالات کیسے ہیں ، عمران خان کو گرفتار کرنے کی غلطی بھی نہیں کرنی چاہیے ، عمران خان گھر گھرمیں داخل ہو گئے ہیں، دلوں میں گھر کر چکے ہیں ، لوگوں کواندازہ نہیں ہے بات کسی اورطرف جارہی ہے ، حالات بہت سنگین ہیں ذرا سی چنگاری جلے گی اور آگ بھڑک اٹھے گی۔