مزید خبریں

سعودی علماکونسل کی بی جے پی کے گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت

ریاض/نئی دہلی/بیجنگ(خبر ایجنسیاں) سعودی عرب کے جید علما کی کونسل نے بھارتی حکمراں جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے نبی آخر الزماںؐکی شان میں گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق کونسل آف سینئر اسکالرز کے جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی ترجمان کی جانب سے پیغمبر اسلام کی شان میں توہین آمیز بیانات قابل مذمت ہیں۔ علما کی جانب سے مسلمانوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دنیا میں اپنے قول و عمل سے اس بات کو پھیلائیں کہ نبی ؐ کو پوری انسانیت کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا‘کسی کو بھی پیغمبر اسلام سے متعلق توہین آمیز کلمات ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔علاوہ ازیں چینی اسکالر پروفیسر چینگ ژزہانگ نے بی جے پی کے توہین رسالت پر مبنی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنمائوں کے حالیہ گستاخانہ بیانات مودی حکومت کی بغاوت، انتہا پسندی، ریاستی دہشت گردی اور تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسیوں کا ایک اور عملی مظاہرہ ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے گستاخانہ بیان پر معطل کی جانے والی ترجمان نوپور شرما کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعدانہیں سیکورٹی فراہم کردی گئی۔ گزشتہ روز نوپور شرما کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کا دعویٰ کیاگیا تھا۔ نوپور شرما نے ہراساں کیے جانے اور دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس سے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ نوپور شرما کو ممبئی پولیس نے طلب کرلیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس کے کمشنر سنجے پانڈے نے کہا کہ بی جے پی کی معطل رہنما نوپور شرما کو توہین آمیز بیان کے الزام میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے تھانے طلب کیا ہے۔