مزید خبریں

سندھ حکومت کی تیار کردہ نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی نافذ ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی نئی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کا نفاذ کردیا گیا، محکمہ اطلاعات سندھ نے سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹشنرز ایکٹ 2021 کے رولز تیار کر کے انہیں سرکاری گزٹ میں شائع کردیا، ان رولز کی تیاری میں سینئر صحافیوں کی آرا کو بھی شامل کیا گیا ہے، ان رولز کے بعد ایکٹ کے تحت کمیشن کے قیام کی جانب پیش رفت کی جارہی ہے، سیکرٹری اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے کہا ہے کہ اطلاعات تک رسائی کے عمل کو سہل بنانے کیلیے سندھ انفارمیشن کمیشن کا قیام ایک انقلابی قدم ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے تیار کردہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2022ء سرکاری گزٹ میں شائع اور فوری نافذالعمل ہو گئی ہے۔ اس پالیسی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر اشتہارات کے اجراکیلیے طریقہ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ پالیسی 2015ء کی موجودہ پالیسی کی جگہ لے گی۔ دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی نے سندھ انفارمیشن کمیشن کے دفتر کے دورے کے موقع پر کہا کہ کمیشن کا قیام سندھ ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016ء کے تحت کیا گیا ہے، کمیشن کو فوری طور پر فعال کیا جارہا ہے جس سے عوام کو سرکاری معلومات تک رسائی میں ہونے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوگا اور مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے معلومات کی عدم فراہمی کی شکایات کا ازالہ ہوگا۔ انفارمیشن کمیشن کے اراکین نے کہا کہ کمیشن کے قیام کا مقصد پورا کرنے کیلیے وہ ان تھک محنت کریں گے۔