مزید خبریں

جماعت اسلامی کے وفد کی صدر کراچی چیمبرآف کامرس سے ملاقات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )مرکزی نائب امیر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(KCCI)کے صدر محمد ادریس سے ان کے دفتر میں ملاقات کرکے انہیں وفاقی شریعت عدالت کے سودی نظام معیشت کے خلاف فیصلے اور عملدرآمد کے لیے تاجر برادری کی جانب سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا، وفد میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ وفاقی شریعت عدالت کا سود کے خلاف فیصلہ اور اسلامی بینکاری کے طرف قدم اٹھانے کا حکم اہل پاکستان کے دل کی آواز ہے، آج وطن عزیز مہنگائی ،بیروزگاری ،معیشت کی تباہی اورآئی ایم ایف کی غلامی سمیت جن بے شمار مسائل کا شکار ہے اس کی بنیادی وجہ ملک میں سودی نظام معیشت ہے جو کہ عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ اب جب وفاقی شریعت عدالت نے بھی سود ی نظام کے خلاف واضح فیصلہ اور اکثر بینکوں نے اسلامی بینکاری کی ونڈوز برانچز بھی کھول دیں ہیں تو پھر حکومت کی ذمے داری بنتی ہے کہ وہ فوری طور پر فیصلے پر اس کے الفاظ اور روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ اس حوالے سے دیگر شعبہ جات کی طرح تاجر برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر محمد ادریس نے کہا کہ کے سی سی آئی نے پہلے دن سود کے خلاف وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا تھا فیصلے پر عملدآمد کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ کے سی سی آئی کے صدرنے جماعت اسلامی کے وفد کا کراچی چیمبرآمدپرخیرمقدم،عدالتی فیصلے پربھرپورتعاون کی یقین دہانی اورمہمانوں کو گلدستہ بھی پیش کیا۔