مزید خبریں

مختلف حادثات میں پولیس اہلکار سمیت 5افراد جاں بحق 3لاشیں بر آمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوںمیں حادثات کے دوران پولیس اہلکار سمیت 5افراد جاں بحق ‘تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں دوبچوںسمیت3زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی تھانے کی حدود شیرین بیکری کے قریب قائم جوتے کی دکان کے اندر جھگڑے میں چھریوں کے پے در پے وار سے 22 سالہ حذیفہ ولد غلام نبی زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ایس ایچ او اشفاق کے مطابق جھگڑا دکان میں کام کرنے والے دوسرے لڑکے عثمان سے ہوا تھا اور اس نے اسکے دل پر چھ سے سات وار کیے جس کے باعث اسے گہرے زخم آئے اور اسکی موت واقع ہوئی۔ ملیر جناح اسکوائر میں پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے دو مزدور جاں بحق ہوگئے ‘جاں بحق ہونیو الے مزدوروں کی شناخت 60 سالہ محمد اسلم اور 23 سالہ اکبر ولد فضل کے ناموں سے ہوئیں۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ڈاکس تھانے کی حدود مائی کلاچی روڈ پر تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت پولیس اہلکار 30 سالہ راشد ولد سلطان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی متوفی پولیس اہلکار ضلع ایس ایس پی آفس کیماڑی میں تعینا ت تھا اور ڈیوٹی کے بعد گھر جارہا تھا۔رنگی ابراہیم حیدری علی اکبر گوٹھ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے وہاں کھیلنے والا بچہ جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی شناخت 5سالہ حسن ولد خیرالامین کے نام سے ہوئی جو اسی علاقے کا رہنے والا تھا۔کلری تھانے کی حدود لیاری آگرہ تاج کالونی نورانی مسجد روڈ کے زیر تعمیر گھر کی دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے سپرہائی وے الآصف چورنگی کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش برآمدہوئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی اور اسکی عمر 37 سال کے قریب ہے پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ موت نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی تاہم ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد موت اصل وجہ سامنے آسکے گی۔ اسی طرح ایم اے جناح روڈ پر جاپان پلازہ مسجد کے اندر سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی شناخت 60 سالہ محمد یونس ولد شیر محمد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر موت طبی معلوم ہوتی ہے۔ شاہ فیصل نمبر3نورمسجد کے قریب فٹ پاتھ پر لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جہاں 45سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت اللہ رکھا ولد محمد صالح کے نام سے ہوئی۔