مزید خبریں

ہماری ہر جدو جہد کا مقصد اقامت دین ہے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کامعاملہ ہو یا حق دو کراچی کو سمیت کوئی بھی مہم ہماری ہر جدوجہد اللہ تعالیٰ کے دین کی اقامت سے جڑی ہوئی ہے یہ باتیں انہوںنے جماعت اسلامی ضلع شرقی حلقہ خواتین کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ بلاک کوڈ کی سطح پر افراد کی ذمے داریوں کا تعین کریں انفرادی ملاقاتیں اور چھوٹی گیدرنگز میں لوگوں کو اپنے ساتھ کام کرنے کی پیشکش کیجیے ، واٹس ایپ براڈکاسٹ گروپس تشکیل دیں اور سوشل میڈیا پر منظم کام کیجیے۔ امیر حلقہ نے ٹوئیٹر اکائونٹس بنا کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ نائب ناظمہ کراچی محترمہ جاویداں فہیم نے کہا کہ ایمان والوں کو اللہ کی طرف سے ہمت اور حوصلوں کی نوید دی گئی جبکہ درمیان میں کھڑے رہنے والے متذبذب ، خود کو عملی جدوجہد سے بچانے اور بہانے تلاشنے والوں کی سخت سرزنش کی گئی ہے۔ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان جماعت درحقیقت تقویٰ کی کسی ڈگری یا سند کا نام نہیں بلکہ احساس ذمے داری اور ڈسپلن کا دوسرا نام ہے۔۔انہوں نے کہا کہ ہماری فلاح اور عافیت اپنی دنیاوی ضرورتوں پر اخروی زندگی کو ترجیح دینے میں ہے۔