مزید خبریں

مشکوک ٹرانزیکشن،کارروائی آگے بڑھانے سے روکنے کے حکم میں مزید توسیع

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں احتساب عدالت کو کارروائی آگے بڑھانے سے روکنے کے حکم میں مزید توسیع کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کی ،عدالت نے احتساب عدالت کو مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس کی کارروائی آگے بڑھانے سے روکنے کے حکم میں مزید توسیع دے دی۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت کے روبرو پیش ہوئے، انھوں نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے تعین کرنا ہے کہ کیس ہائیکورٹ سنے گی یا عملدرآمد بنچ کریگا ،اس موقع پر نیب پراسیکوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ ہونے تک سماعت ملتوی کر دی جائے، احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کی ریفرنس فرد جرم سے پہلے کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد کی تھی جس پر آصف علی زرداری نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔