مزید خبریں

وزارت ریلوے کا مسافر ٹرینوں کے کرائے نہ بڑھانے کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ جسارت) وزارت ریلوے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے باوجود مسافر ٹرینوں کے کرائے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے دی گئی کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی سواری ٹرین کو مہنگائی سے بچائیں گے، ریلوے اپنے وسائل سے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کرے گا۔ وزارت ریلویز کی حکومت کو مسافر ٹرینوں کے لیے 15 فیصد کرائے بڑھانے اور مال گاڑیوں کے کرائے کی مد میں بھی 20 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کی زیر صدارت لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے ریلوے پر8 ارب کے اضافی بوجھ کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزارت ریلوے حکومت سے آئندہ مالی سال کے لیے 138 ارب روپے کا آپریشنل بجٹ طلب کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ رواں سال کے بجٹ سے 40 ارب روپے زائد ہوگا۔بجٹ تخمینے میں ملازمین سے متعلق اخراجات کے لیے 35 ارب 38 کروڑ 91 لاکھ روپے مانگے گئے تھے جبکہ آپریشنل اخراجات کے لیے 32 ارب 9 کروڑ 21 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔