مزید خبریں

وزیراعظم کا وزیرستان اور بنوں میں دریافت گیس عوام کو فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخائر سے عوام کو گیس کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پالیسیوں کے تسلسل کے لیے میثاق معیشت ناگزیر ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے فوجی فائونڈیشن گروپ کے چیئرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پیٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور سیکرٹری پیٹرولیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لیے سابق قبائلی علاقوں سے دریافت شدہ گیس فوری طور پر عوام کو فراہم کرنے کی منظوری دی۔ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے 10 کھرب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔ وزیراعظم نے یہ ذخائر عوام کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کے لیے استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ وزیرِاعظم کو شمالی وزیرستان، بنوں میں نئے دریافت شدہ ذخائر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو گیس کے شعبے کی مجموعی صورتحال، طلب اور رسد سے آگاہ کیاگیا ۔ وزیراعظم نے متعلقہ علاقوں کے عوام کو بھی دریافت شدہ گیس کے ثمرات فراہم کرنے اور علاقے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم، صحت کے حوالے سے سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انہیں آگاہ کیا جائے کہ جن علاقوں سے گیس نکلی ہے وہاں کے عوام اور بچوں کو کیا ملے گا۔علاوہ ازیںاسلام آباد میں پری بجٹ بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی اور معاشی استحکام آپس میں جڑا ہے، میثاق معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے، ریاست کو صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع منصوبہ بنانا ہوگا، ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے دیہی علاقوں کو ترقی دینا ہوگی، پاکستان ساڑھے 4 ارب ڈالر کا پام آئل برآمد کر رہا ہے، زرعی شعبہ ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 90 کی دہائی میں پاکستانی روپے کی قدر بھارتی کرنسی سے بہتر تھی، ماضی میں بھارت نے ہمارے منصوبوں کی تقلیدکی۔ انہوں نے کہا کہ ہرقدم پر حکومت کو تاجروں کی تجاویز اور آراء کی ضرورت ہوگی،حکومت دی گئی اچھی تجاویز پر عمل کرے گی۔