اسلام آباد(صباح نیوز)صدرعارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم شہباز شریف قومی اقتصادی کونسل کے چیئرمین جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کونسل کے رکن ہوں گے۔ایک بیان میں عارف علوی نے شہباز شریف کی ایڈوائس پرآئین کے آرٹیکل 156 ون کے تحت اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دی ہے۔ وفاق سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر تجارت نوید قمر اور وزیر مواصلات اسعد محمود اقتصادی کونسل کے اراکین تعینات کر دیے گئے ہیں،اسی طرح پنجاب سے سردار اویس خان لغاری،سندھ سے سینیٹر نثار کھوڑو پختونخوا سے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور بلوچستان سے وزیر برائے خزانہ نور محمد دمڑکے نام بطور اراکین قومی اقتصادی کونسل منظور کیے ہیں۔ شہباز شریف نے سمری کے تحت قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی درخواست کی تھی،جسے باقاعدہ قومی اقتصادی کونسل کے اراکین کی منظوری دے دی ہے۔علاوہ ازیں صدر مملکت نے کراچی کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیز اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے مذہبی اقدار کو درست سیاق و سباق کے ساتھ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی اجتماعی بھلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے قوانین بنانے، منصفانہ نفاذ اور متناسب سزا اور جزا دینے کی ضرورت ہے، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، ڈی این اے پروفائلنگ اور سائنسی تحقیقاتی طریقوں اور تیکنک کو اپنانا انصاف کی جلد فراہمی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔