مزید خبریں

نئی حلقہ بندیوں سے متعلق پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت ملتوی

اسلام آباد (آن لائن)عدالت عظمیٰ نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے شیڈول کیخلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت 13 جون 2022 ء تک ملتوی کر تے ہوئے پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک متفرق اور ترمیم شدہ درخواستیں یکجا کرکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ پیر کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔ تحریک انصاف کے وکیل فیصل چودھری نے موقف اپنایا کہ حلقہ
بندیوں کے شیڈول پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے،نئی حلقہ بندیوں کو آرٹیکل 51(5) کا تحفظ حاصل نہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن متعلقہ حکام کی جانب دیکھ رہا ہے، الیکشن کمیشن پوچھ رہا ہے کہ 2021ء کی مردم شماری کب تک مکمل ہوگی، الیکشن کمیشن جواب ملنے پر فیصلہ کرے گا کہ حلقہ بندی کس مردم شماری پر ہوگی۔ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ درخواست میں ترمیم کی اجازت دی تھی لیکن درست انداز میں دائر نہیں ہوئی، کیا ہم کبھی ایک فائل سے کاغذ ڈھونڈیں گے۔