مزید خبریں

جرمن عطیے کے عدم استعمال پر وزارت تعلیم مجرم قرار

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جرمنی کی حکومت کی جانب سے94-1993 سے عطیہ کردہ ایک کروڑ 37 لاکھ روپے سے زائد کی امدادی رقم کے عدم استعمال پر وزارت تعلیم کو مجرمانہ ضیاع، نااہلی اور غیر ذمہ داری کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سستی نصابی کتابوں کی طباعت کے لیے کاغذ کی خریداری کے لیے جو عطیہ 30
سال قبل دیا گیا تھا وہ آج تک استعمال میں نہیں آیا ۔صدر نے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کو ہدایت کی ہے کہ معاملے کی انکوائری کی جائے اور ذمہ دار افراد کا تعین کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ صدر مملکت نے وزارت تعلیم کو متنبہ کیا کہ ریٹائرڈ اور انتقال کر جانے والے افراد پر ذمہ داری نہ ڈالی جائے اور اس کی تعمیلی رپورٹ 45 دنوں کے اندر وفاقی ٹیکس محتسب کو جمع کرائی جائے۔