مزید خبریں

حکومت کے خاتمے کے بعد عمران نیازی ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت)کندھکوٹ میں پیپلز پارٹی کے جیالوں کی جانب سے عمران نیازی کے ملک دشمن بیان کیخلاف ضلعی جنرل سیکرٹری الطاف احمد کھوسو، سینئر گل محمد جکہرانی، صادق حسین گولاٹو، غلام رسول میرانی، ڈاکٹر میھرچند، حیدر علی ڈاھانی ودیگر کی قیادت میں گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک پاکستان چاہیے(پاکستان کھپے کھپے) ریلی نکالی گئی، ریلی میں شریک بڑی تعداد میں جیالوں نے پارٹی کے جھنڈے اٹھا کر عمران نیازی کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی حکومت کا خاتمہ آنے کے بعد ذہنی توازن گنوا بیٹھا ہے جو ملک کی سلامتی اور اداروں کیخلاف بیان دیکر ملک دشمن ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ عمران نیازی کے ایسے ملک دشمن بیانات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ دیا ہے۔ جب بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تھا تب بھی پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف زرداری نے پاکستان چاہیے(پاکستان کھپے کھپے) کا نعرہ لگایا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے اس ملک کی بقا کیلیے ہمیشہ ملک دشمن عناصروں کا مقابلہ کیا ہے پیپلز پارٹی کا ہر ورکر ملک کی خاطر اپنے جان قربان کرنے کیلیے تیار ہے۔