مزید خبریں

پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت کا فروغ چاہتے ہیں، سمیر ڈوسل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے صدر سمیر ڈوسل کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ چاہتے ہیں۔ پاکستان میں تجارت بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جس کی نشاندہی کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ کینیڈا سے سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اقدامات کئے ان ہی میں سے ایک عبد الستار ایدھی کی امداد کا مسئلہ تھا، جس کے باعث ملک میں ایدھی کی 185 ایمولینسز رواں دواں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلمان اسلم، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، خیر پور چیمبر کی شبنم ظفر، احتشام الدین سمیت کاٹی اور سی پی بی سی کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر کینیڈا پاکستان بزنس کونسل نے مزید کہا کہ کاٹی کے سرپرست ایس ایم منیر سے محبت اور احترام کا تعلق ہے، گزشتہ 20 سال سے ان کی سرپرستی میں دونوں ممالک کے سر مایہ کاروں کے مسائل دور کرنے میں ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے کینیڈا سے تاجروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی ادارہ ری میکس کو ملک میں متعارف کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرے تو پاکستان میں معاشی استحکام میں بے پناہ اضافہ ہوسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں انشورنس کمپنیوں کو بھی اپنے نظریہ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں متعدد انشورنس کمپنیوں کو انشورنس ٹائٹل کے متعلق بریفنگ دی ہے۔