مزید خبریں

ڈالر پھر 201 روپے کا ہوگیا،سونا مزید 2800 روپے مہنگا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیٹرول کی ڈبل سنچری کے بعد ڈالر کی دوبارہ ڈبل سنچری ہو گئی، انٹربینک میں ڈالر 2.55 پیسے مہنگا ہوکر 200.80 کا ہوگیا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 201 روپے میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں بھی اضافے ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ایک بار پھر روپے کے مقابلے ڈالر 200 روپے سے تجاوز کر گیا جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں 2.50 روپے تک کمی واقع ہوئی ہے ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو ایک بار پھر ڈالر کے سامنے پاکستانی پرویہ دبائو کا شکار ہو گیا ۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر 2.55روپے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 198.15 روپے سے بڑھ کر 200.40 روپے اور قیمت فروخت 198.25روپے سے بڑھ کر 200.80 روپے ہو گئی، اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں2.50روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 197.50روپے سے بڑھ کر200روپے اور قیمت فروخت198.50روپے سے بڑھ کر 201روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق پیر کو یورو کی قدر میں بھی2.50روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یورو کی قیمت خرید 210.50 روپے سے بڑھ کر213روپے اور قیمت فروخت 212.50 روپے سے بڑھ کر 215 روپے ہو گئی، اسی طرح 4روپے کے اضافے سے برطانوی پائونڈ کی قیمت خرید 245.50روپے سے بڑھ کر250روپے اور قیمت فروخت 248.50 روپے سے بڑھ کر252.50روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہوگیا، آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 2800روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ42ہزار روپے پر جا پہنچی جبکہ 2400روپے کے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ21ہزار742روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں3ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1854ڈالر ہو گیا ۔