مزید خبریں

عمران خان کی حکومت میں بنی گالہ کرپشن کا ہیڈ کوارٹر تھا،مریم نواز

لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ انقلاب لانے والے آج کل اپنی ضمانتیں کرا رہے ہیں‘ 70 سال کا ’’بچہ‘‘ گھر سے انقلاب لانے نکلا تھا‘ اب تک واپس نہیں آیا‘ سپر پاورکو للکارنے والا آج گرفتاری کے ڈر سے چھپ کر بیٹھا ہے‘ سابق حکومت میں بنی گالا کرپشن کا ہیڈ کوارٹر بنا ہوا تھا۔ پیر کو پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میں سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ لینے والی جماعتوں کو چلنے نہیں دیا جاتا‘ ہمیں کہا گیا مشکل وقت میں حکومت کیوں لی، مشکل وقت میں حکومت سنبھالنا ہمارے لیے چیلنج ہے‘ سابق حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے‘ پاکستان کھائی میں گر رہا تھا اس لیے حکومت لی‘ پاکستان کی تاریخ میں کسی نے اسلام آباد کا گھیرائو جلائو نہیں کیا‘ ظلم کو سہنا ہو تو آپ کو نواز شریف جیسا جگر چاہیے‘ مریم نواز نے عمران خان اور عثمان بزدار پر الزام لگایا کہ پنجاب میں ایک، ایک تبادلے کے لیے بنی گالہ نے پیسے لیے، جس نے توشہ خانہ کو نہیں بخشا اس نے کسی چیزکو بھی نہیں بخشا، فرح گوگی نے تو صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک کا حق کھا لیا‘ آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان کر کے آئے تھے، آئی ایم ایف سے معاہدے کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماسیوں کی طرح تمام ملکوں کے درمیان لڑائیاں کرائیں‘ یہ تھی اس کی خارجہ پالیسی؟ اس نے عرب ممالک کو بھی اپنا دشمن بنا لیا تھا‘ روز جلا ئوگھیرائو اور کھیل تماشا ہوگا تو کون اس ملک میں آئے گا؟ مریم نواز نے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وقت پر ایل این جی نہیں منگوائی، یہ اپنی سیاسی دشمنی میں بارودی سرنگیں بچھا کر چلے گئے‘ مر بھی رہے ہوں گے تو ہم جاتے، جاتے پاکستان کا بھلا کر کے جائیں گے۔