مزید خبریں

پیٹر ول پر 60 روپے بڑھا نے سے میاں صاحب کے دل میں درد نہیں ہوا؟فرخ حبیب

اسلام آباد ( آن لائن ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پٹرول پر 60 روپے بڑھا دیے اب میاں صاحب کے دل میں درد نہیں ہوا؟،حکومت کی جانب سے گستاخی رسولﷺ پر ڈھیلی ڈھالی مذمت کی گئی، حکومت خاموشی سے ٹوئٹ کرکے بری الذمہ نہیں ہو سکتی،کابینہ نے بھارت میں تجارتی کونسلر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی اسے واپس لینا چاہیے تھا۔ فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم کہتی تھی پٹرول پر ایک روپیہ بڑھانے پر میاں صاحب کے دل میں درد ہوتا ہے، موجودہ حکومت نے یکدم 60 روپے پٹرول پر بڑھا دیے ہیں کیا اب میاں صاحب کے دل میں درد نہیں ہوا؟۔انہوں نے کہاکہ مریم صفدر نے ملک میں فساد اور جھوٹ پھیلانے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، ان کو اصل مسائل کی فکر نہیں، ان کی توجہ تو جعلی آڈیوز اور ویڈیوز پر مرکوز ہے، چوروں کی 13 جماعتیں ساتھ بیٹھی ہیں، اب کیسی گرینڈ ڈائیلاگ کی بات، اب تو مہنگائی مکاؤ مارچ کی کوئی کالیں بھی نظر نہیں آرہیں، حمزہ شہباز کے اقتدار کو دوام دینے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں، حلقہ بندیاں،ووٹوں کی منتقلی اور دیگر ہتھکنڈوں پر ہماری نظر ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مودی کی ترجمان نے نبیﷺ کی شان میں گستاخی کی، ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، گستاخانہ مواد پر پوری مسلم دنیا سے ردعمل آرہا ہے، لیکن اس حکومت کی جانب سے گستاخی پر ڈھیلی ڈھالی مذمت کی گئی، حکومت خاموشی سے ٹوئٹ کرکے بری الذمہ نہیں ہو سکتی، ڈھیلی ڈھالی مذمت پر حکومتی رویے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔