مزید خبریں

انتخابی فہرستوں کو غلطیوں سے پاک کررہے ہیں، الیکشن کمشنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی فہرستوں کو غلطیوں سے پاک کرنے کیلیے سرگرم ہے، ووٹر لسٹوں پر نظرثانی کا عمل شروع ہوچکا ہے، ووٹوں کے نام کا اندراج اور اخراج کا عمل جاری ہے،کوئی بھی ووٹر اپنا نام چیک کرنے کیلیے اپنے علاقے میں الیکشن کمیشن کے ڈسپلے سینٹر پر جاکر انتخابی فہرست چیک کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ووٹرلسٹوں پر نظرثانی پروگرام، بلدیاتی انتخابات اور کورنگی کے حلقے میں ضمنی انتخاب سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعجاز انور چوہان نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے ووٹرلسٹوں کے لیے گھر گھر مہم کا سلسلہ 7 نومبر کو شروع ہوا تھا،سیکنڈ فیز میں ہمیں معلوم ہوا کہ کچھ لوگ نہیں مل پائے ،پھر غیر تصدیق شدہ ووٹوں کی تصدیق کی گئی، 6 فیصد لوگ غیر مصدقہ رہے،پی ای آر کا پروسیس ابھی شروع ہوا ہے، الیکشن کمیشن نے ڈسپلے سینٹر قائم کیے ہیں،لوگ ڈسپلے سینٹر پر جاکر خود انتخابی فہرستیں چیک کریں، وہاں پر فارم 15، 16 موجود ہیں۔