مزید خبریں

نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی پر اوآئی سی موثر آواز اٹھائے‘ شازیہ مری

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ بھارت کی برسر اقتدار پارٹی کے ترجمان نے جو نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے اس پر پورا عالم اسلام تکلیف میں ہے۔ او آئی سی کو اس واقعے پر مزید موثر آواز اٹھانی چاہیے تاکہ اس واقعے کی روک تھام ہو سکے۔ مودی کا ماضی سب کے سامنے ہے ان کو بلاول زرداری نے گجرات کا قصائی کہا تھا۔ بھارت میں بسنے والے 20کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو بھی مجروح کیا گیا ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی حکومتی پارٹی کے رہنمائوں نے حضورؐ کی شان میں جو گستاخی کی ہے اس پر پوری دنیا کی مسلم آبادی دکھی ہے۔ بی جے پی حکومتی پارٹی کے رہنماؤں کے بیان نے مسلمانوں کو تکلیف پہنچائی ہے جس کی پوری دنیا میں مذمت ہورہی ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اورسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی طرف سے سخت رد عمل آیا ہے۔